02/01/2026
پیغامِ سالِ نو۔
نئے سال 2026 کی آمد پر میں صوبہ خیبرپختونخوا کے معزز عوام، سیاحتی شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز، اور محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر نیز خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے تمام افسران و اہلکاروں کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
گزرا ہوا سال ہمارے تاریخی ورثے کے تحفظ، عجائب گھروں کے فروغ، اور صوبے کے سیاحتی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے عزم، محنت اور مشترکہ کاوشوں کا سال رہا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ماضی کی امانتوں کو محفوظ رکھتے ہوئے حال اور مستقبل کو ترقی، روزگار اور شناخت سے جوڑنے کی کوشش کی۔
نیا سال ہمارے لیے ایک نئی امید، نئی توانائی اور نئے مواقع لے کر آیا ہے۔ میرا یقین ہے کہ ہم سب مل کر نہ صرف اپنے بے مثال تاریخی و ثقافتی ورثے کی حفاظت کو مزید مؤثر بنائیں گے بلکہ خیبرپختونخوا کو ایک پُرامن، پائیدار اور عالمی معیار کی سیاحتی منزل کے طور پر اُجاگر کرنے میں بھی کامیاب ہوں گے۔
میں تمام سرکاری افسران و اہلکاروں کی محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت، ادارہ جاتی مضبوطی اور قومی مفاد کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نیا سال ہمارے صوبے، ہمارے اداروں اور ہمارے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی، امن اور وقار کا پیغام لے کر آئے۔
نیا سال مبارک ہو۔
ڈاکٹر عبدالصمد
ڈائریکٹر جنرل، محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، خیبرپختونخوا
پراجیکٹ ڈائریکٹر، خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ